• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کچھ نازِ تمکنت بھی ہے، پاسِ حیا کے ساتھ....

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: عیشا خان

ملبوسات اور زیورات:تحسین تسنیم

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: عالیہ نثار

لے آؤٹ: نوید رشید

شادی بیاہ کا سیزن پورے عروج پر ہے۔آئے روز کسی نہ کسی تقریب کا بلاوا آیا ہوتا ہےکہ خیر سے اب تو ان تقریبات کی باقاعدہ پوری سیریز چلتی ہے۔ برائیڈل شاور سے لے کر چوتھی کی رسم اور دونوں اطراف کی دعوتوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ۔ بہرحال، دو اہم ترین فنکشنز نکاح اور ولیمے کے ملبوسات کے انتخاب کے حوالے سےخاص طور پرلڑکیوں بالیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ اُن کی سج دھج ایسی پیاری اور نرالی ہو کہ ہر زبان پر ان ہی کے حُسن کے قصیدے ہوں۔

نیز، مایوں، منہدی اور شادی کے بعدکی دیگر تقریبات، دعوتوں کے لیے بھی وہ ایسے ملبوسات کا انتخاب کرتی ہیں کہ صرف دولھے میاں ہی کی نگاہ نہ ٹھہرے ، سُسرال والے بھی خُوب صدقے وارے جائیں۔تو لیجیے ، آج ہم نے اپنی بزم کچھ ایسے ہی حسین و دِل کش ،خُوب صُورت اور جدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہن سے مرصّع کردی ہے۔

ذرا دیکھیے، اسکن کلر ڈبل لیئر غرارے کے ساتھ کنٹراسٹ میں سُرخ رنگ قدرے چھوٹی قمیص کس قدر پیاری لگ رہی ہے۔ غرارے کا اِنر بنارسی ، جب کہ اَپر نیٹ کا ہے، جس کے باٹم پر انتہائی خُوب صُورت کام کیا گیا ہے،تو قمیص کے دونوں جانب اور دامن کا گوٹا ورک بھی خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔پیلے رنگ میں ڈبل لیئر شرارے کے ساتھ گہرے ہرے رنگ کی بھاری کام دار قمیص مایوں، منہدی کے لیے ایک حسین انتخاب ہے۔شرارے کا اِنر پلین پیلے رنگ کا ہے، جب کہ نیٹ اَپر پر زَری اور تھریڈ ورک بھی خُوب جچ رہا ہے۔ قمیص کی سُرخ رنگ نیٹ سلیوز اچھی لگ رہی ہیں، تو ساتھ گوٹا ورک اور کرن سے آراستہ دوپٹّے کی ہم آمیزی بھی غضب ہے۔ 

اِسی طرح طلائی اور گرین رنگ کے حسین امتزاج میں بیل باٹم کے ساتھ کام دار قمیص بھی مایوں یا منہدی کی تقریب کے لیے انتہائی موزوں ہے۔بیل باٹم کے اَپر پر زَری کے ساتھ تھریڈ ورک ہے، تو کہیں کہیں گولڈن بیڈز کی آرایش اچھی لگ رہی ہے۔ سُرخ، سبز اور جامنی رنگوں کے کامبی نیشن میں کلیوں والے شرارے کے ساتھ فلیگ گرین رنگ قمیص پر بَھرا بَھرا کام بھلا معلوم ہو رہا ہے، تو سُرخ رنگ کام دار شرارے کے ساتھ اٹیچڈ چولی کے منفرد انداز کے تو کیا ہی کہنے۔

تازہ ترین
تازہ ترین