لاہور(ایجنسیاں)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ ہو یا کوئی اور پارٹی‘ کوئی غریبوں کا نہیں سوچتا‘عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس کر رہ گئے ‘حکومت کے پاس معیشت کیلئے کوئی پلان نہیں‘ باہر سے لائے گئے ماہرین کو پاکستانیوں کے مسائل کا علم نہیں۔
وہ حل کیسے نکالیں گے‘ ن لیگ والے ادھارکے پیسے پر معیشت چلاتے تھے‘شہری نہیں ٹیکس کا نظام چورہے‘حکومت کی نالائقی کا نقصان عوام اٹھا رہی ہے، معاشی صورتحال پہلے سے بہت زیادہ خراب ہوچکی ہے‘ ہمسایوں سے تجارت کے سواکوئی راستہ نہیں۔
حکومت نے پاکستان کے دوست ممالک پر زیادہ انحصار کیا۔پیرکو لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہا کہ 2018 میں ہمیں معلوم تھا معاشی بحران کی طرف جا رہے ہیں۔
حکومت نے آئی ایم ایف کے سارے مطالبات تسلیم کیے‘ غیرملکی اقتصادی ماہرین پاکستانی معیشت سے ز یادہ واقف نہیں۔ دریں اثناء یہاں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہناتھاکہ معیشت کی وہ صورتحال نہیں تھی جو مسلم لیگ (ن) والے بتاتے تھے۔
ان کی اپنی پالیسی تھی وہ ادھار کے پیسے پر معیشت چلاتے تھے‘نیب، ایف بی آر اور ایف آئی اے کے زور پر ٹیکس اکٹھا نہیں ہو سکتا، شہری چور نہیں ہیں ٹیکس کا نظام چور ہے‘ِموجودہ حکومت میںمعیشت کا سانس تک نکال لیا گیا ہے۔