لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں۔ ٹیم اب اگر مگر کے پھیر میں ہے۔بدھ کو کوئٹہ کی ٹیم اپنا نواں اور اہم ترین میچ ملتان سلطانز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں شام سات بجے کھیل رہی ہے۔
کوئٹہ کو آٹھ میں سے پانچ میچوں میں شکست ہوئی ہے اس نے تین میچ جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ اس وقت کوئٹہ کی ٹیم دوسروں کے رحم وکرم پر ہے۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اب آپشن محدود ہیں کوشش کریں گے بقیہ میچوں میں کم سے کم غلطیاں کریں ، مجھے کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
کوئٹہ کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ ان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ فٹ ہوگئے ہیں اور میچ میں حصہ لیں گے۔ آئوٹ آف فارم احمد شہزاد کی جگہ خرم منظور کو کھلانے کی تجویز ہے۔ ملتان سلطانز اب تک اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی واحد ٹیم ہے۔ ملتان 7 میچوں کے بعد 11 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے۔ دفاعی چیمپئن کے 8 میچوں میں صرف 3 فتوحات اور 5 شکستیں اس کی بھیا نک کارکردگی کو ظاہر کر رہی ہیں۔
کوئٹہ کو ٹورنامنٹ کا اور اپنا آخری گروپ میچ اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلنا ہے۔ کوئٹہ کی طرح مصباح الحق اور شاداب خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ بھی مشکلات میں ہے۔
2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ 9 میچ کھیل چکی ہے جن میں صرف 3 فتوحات حاصل ہوئیں اور ایک میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکا، یوں اس کے پوائنٹس ٹیبل پر صرف 7 پوائنٹس ہیں اس کا واحد رہ جانے والا مقابلہ کراچی کنگز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم میں ہے۔