کوئٹہ(خ ن)صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بشیر احمد بنگلزئی کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ میران بلوچ نے قومی شاہراہ پر اوورسپیڈنگ ،اوورلوڈنگ اور مسافروں کو چھتوں پر بٹھانےوالوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے درخشاں چیک پوسٹ کوئٹہ جیکب آباد قومی شاہراہ پر 120سرچ لائٹس اور7اضافی سیٹیں اتار دیں جبکہ بغیر پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس پر 47گاڑیوں کو چالان کیاجبکہ 12گاڑیوں سے اوورلوڈنگ کی وجہ سے کرایہ واپس کروایا گیا ۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ عوام کو سہولیات پہنچانا اور قومی شاہراہ پر حادثات کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اوورسپیڈنگ ،اوورلوڈنگ اور مسافروں کو چھتوں پربٹھانے کی ہرگز اجازت نہیں۔ کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اورگاڑیوں میں عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح لے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اوورلوڈنگ اور اوور سپیڈنگ کی وجہ سے حادثات رونما ہورہے ہیں جبکہ گاڑیوں میں لگی سرچ لائٹس غیر قانونی ہیں۔عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ان کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہپبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان دوران سفر گاڑیوں کے ضروری کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس اپنے ہمراہ رکھیں اور طلب کرنے پر متعلقہ انتظامیہ کو پیش کریں اس کے علاوہ اس ضمن میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔