• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری


بارش برسانے والا سسٹم ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگیا، وادئ کوئٹہ میں گزشتہ رات بارش اور قریبی پہاڑوں پر برف باری کے بعد خنکی میں اضافہ ہو گیا ، کوئٹہ میں صبح 8 بجے درجۂ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہر قائد میں گزشتہ شام سے ہی تیز اور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سانس کے مریض مشکلات کا شکار ہیں ، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 18.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں شمال مغرب سے چلنے والی ہوائیں 21 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل رہی ہیں جس کے سبب ہوا میں نمی کا تناسب 18فیصد ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ کے قریبی پہاڑوں پر برف پڑی ہے، نوکنڈی، چمن، شیلا باغ، توبہ اچکزئی، وادیٔ زیارت، کان مہتر زئی میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔

سندھ میں جیکب آباد، سکھر، شکارپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، اس کے علاوہ پنجاب میں ملتان، وہاڑی، بورے والا، میلسی، لودھراں، کمالیہ، بھکر، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور جہانیاں میں بھی بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ علاقوں، راجن پور شہر اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بھی بادل برسے ہیں، اس کے علاوہ بنوں اور گرد ونواح میں بارش لکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تازہ ترین