دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 25واں میچ بارش کے بعد منسوخ کردیا گیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سے قبل ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو شام دیر تک جاری رہا۔
مسلسل بارش اور اس کی وجہ سے میدان میں پانی جمع ہونے کے باعث میچ ٹاس کے بغیر ہی منسوخ کردیا گیا۔
میچ کی منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے ہی ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے تاہم مزید ایک پوائنٹ کے ساتھ اس کے پوائنٹس کی تعداد 12 ہوگئی۔
ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھی ایک پوائنٹ دیا گیا جس کے بعد اس کے کل پوائنٹس کی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ پلے آف تک رسائی کے لیے اس کے امکانات اب بھی باقی ہیں۔
واضح رہے کہ گروپ اسٹیج کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دی تھی۔