دفاعی چیمپئن ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایونٹ کے لیے پلے آف مرحلے میں جانے کا موقع اب بھی باقی ہے۔
اب تک ایونٹ میں 9 میچز کھیلنے کے بعد اس کے صرف 7 پوائنٹس ہیں، جبکہ ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے اسے پلے آف مرحلے میں پہنچنا لازمی ہے جو بظاہر مشکل دکھائی دے رہا ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔
ملتان سلطانز کے خلاف پی ایس ایل کا 25واں میچ بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
اگر یہ میچ کھیلا جاتا تو کوئٹہ کی ٹیم اس میچ میں فتح حاصل کرکے پلے آف کی دوڑ میں شامل رہتی لیکن اگر اسے شکست ہوجاتی تو اس کے لیے ایونٹ بالکل ختم ہوجاتا۔
بارش شاید کوئٹہ کے لیے رحمت کا قطرہ ثابت ہوئی ہے اور اس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اس صورتحال میں ایک پوائنٹ دلوا کر فائنل فور میں پہنچنے کی اس کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔
اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 9 میچوں کے بعد 7 پوائنٹس ہیں اور ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے بھی 7 پوائنٹس ہیں اور وہ بہتر رن اوسط کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا آخری میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز کے خلاف ہی ہے جس میں فتح حاصل کرکے وہ 9 پوائنٹس حاصل کر سکتی ہے اور اپنے لیے آگے جانے کا بندوبست کرسکتی ہے۔
لیکن اس سے قبل سرفراز احمد اینڈ کمپنی کو دیگر 3 میچز کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا، اور وہ میچز لاہور قلندرز بمقابلہ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطانز ہیں۔
اگر لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کے خلاف اپنے پہلے میچ میں شکست ہوتی ہے تو 9 میچز کے بعد اس کے 8 ہی پوائنٹس رہیں گے جبکہ 8 میچز کے بعد کراچی کنگز کے 9 پوائنٹس ہوجائیں گے۔
اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچ میں گلیڈی ایٹرز کو صرف اور صرف کنگز کی فتح کی امید لگانی ہوگی، کیونکہ اس نتیجے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کی شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فائنل فور میں جانے کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔
اس تناظر میں دیکھا جائے تو لاہور کے 10 میچز کے بعد 8 پوائنٹس ہی رہ جائیں گے جبکہ وہ پلے آف سے باہر ہوجائے گی۔
اسی طرح کراچی کنگز کے جیتنے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم کے بھی صرف 7 ہی پوائنٹس رہ جائیں گے وہ بھی ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
ایسے میں کراچی کنگز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح اسے فائنل فور میں پہنچا دے گی۔
تاہم اگر لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے میچز جیت جائیں اور کراچی کنگز اپنے میچز میں شکست کھا جائے تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو رن ریٹ بہتر کرنے اور فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں اسے تقریباً ناممکن ہدف ملے گا جسے پورا کرکے وہ فائنل فور میں پہنچ سکتی ہے۔
کراچی کنگز کے خلاف پہلے ہی میچ میں لاہور قلندرز کی فتح کے ساتھ یہ تمام اندازے ختم ہوجائیں گے، کیونکہ پھر بھاری مارجن کے ساتھ فتح بھی اسے فائنل فور میں نہیں پہنچا سکتی۔
پشاور زلمی کے 9 میچوں کے بعد 9 پوائنٹس ہیں جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم کے اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے اور دونوں ہی ٹیموں پر کسی بھی میچ کے نتیجے کی وجہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، تاہم اسے ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں شکست کی صورت میں بھی اپنا رن ریٹ بہتر رکھنے کی کوشش کرنا ہوگی۔