• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 155 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کے روحیل نذیر اور ذیشان اشرف اننگز کی شروعات کے لیے میدان میں اُترے اور 32 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ملتان سلطانز کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی روحیل نذیر تھے، جو 14 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد ذیشان اشرف اور معین علی نے 60 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کا اسکور 92 رنز تک پہنچایا، ذیشان اشرف 52 رنز کی اننگز کھیل کر راحت علی کا شکار بنے، اسی اوور میں معین علی کلین بولڈ ہوئے۔

شان مسعود کو حسن علی نے 28 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، نئے آنے والے بیٹسمین روی بوپارہ صرف 5 رنز بناسکے۔ شاہد آفریدی نے 13 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔خوشدل شاہ نے 30 رنز بنائے، اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے راحت علی سب سے کامیاب بولر ہے، انہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی، محمد عامر خان اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ اُن کی ٹیم میں کوئی غیرملکی کھلاڑی شامل نہیں، تمام پلیئرز مقامی ہیں۔

ملتان سلطانز پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہے لیکن زلمی کواپنےآخری گروپ میچ میں ہر صورت میں کامیابی حاصل کرنا ہے ،ورنہ اگر مگر کے چکر میں پھنس جائے گی۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارکوئی میچ شائقین کے بغیر کھیلا جارہا ہے، کورونا وائرس کے باعث احتیاطی اقدامات کے طور پر شائقین کےلیے اسٹیڈیم کے دروازے بند ہوں گے۔

پشاور زلمی کا یہ آخری میچ ہے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہےکیونکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 9 ہے اور رن ریٹ بھی بہتر نہیں ہے لہٰذا اسے پلے آف میں جانے کےلیے لازمی جیت درکار ہے ۔

پی ایس ایل فائیو میں اب صرف چار لیگ میچز باقی ہیں، لیکن ملتان سلطانز کے سوا کسی ٹیم کی فائنل فور میں جگہ پکی نہیں ہوئی ، نہ کوئی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوئی ہے۔ ملتان سلطانز کے 12 پوائنٹس ہیں تو کوئٹہ نے 7 پوائنٹس بنائے ہیں۔

ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے اب بھی دو دو میچز کھیلنے ہیں ، ملتان کا ٹیبل پر پہلا نمبر ہے تو کراچی دوسرے نمبرپر ہے ۔جبکہ ایونٹ میں شریک باقی چار ٹیمیں9،9 میچز کھیل چکی ہیں۔

زلمی کے چار کامیابیوں کے ساتھ9 ،لاہور قلندرز کے 8،جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے7، 7 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

تازہ ترین