• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے، جواب میں زلمی 7 وکٹوں پر 151 رنز بناسکی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں تماشیوں کے بغیر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز کے روحیل نذیر اور ذیشان اشرف اننگز کی شروعات کے لیے میدان میں اُترے اور 32 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ملتان سلطانز کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی روحیل نذیر تھے، جو 14 رنز بناکر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ابتدائی نقصان کے بعد ذیشان اشرف اور معین علی نے 60 رنز کی شراکت بنائی اور ٹیم کا اسکور 92 رنز تک پہنچایا، ذیشان اشرف 52 رنز کی اننگز کھیل کر راحت علی کا شکار بنے، اسی اوور میں معین علی کلین بولڈ ہوئے۔

شان مسعود کو حسن علی نے 28 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، نئے آنے والے بیٹسمین روی بوپارہ صرف 5 رنز بناسکے۔ شاہد آفریدی نے 13 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔خوشدل شاہ نے 30 رنز بنائے، اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے راحت علی سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی، محمد عامر خان اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، صرف2 رنز بنانے والے کامران اکمل کو محمد عرفان نے کلین بولڈ کردیا۔

نئے آنے والے بیٹسمین وہاب ریاض صرف تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اُس وقت ٹیم کا اسکور صرف 8 رنز تھا، دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد امام الحق اور عمر امین نے اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 48 رنز جوڑ کر اسکور 56 رنز تک پہنچایا۔

اس موقع پر عمر امین کو معین علی نے 29 رنز پر کلین بولڈ کردیا، اگلی وکٹ امام الحق کی گری، جو 41 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی ساری امیدیں شعیب ملک سے وابستہ تھیں، لکین وہ بھی 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، حماد اعظم 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے اور ملتان سلطان نے میچ 3 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے سہیل تنویر نے 3، علی شفیق نے 2 جبکہ محمد عرفان اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین