• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرے صوبوں کے افراد کو کوئٹہ میں نہیں ٹھہرایا جائیگا‘ڈی سی

کوئٹہ(آن لائن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر(ر)اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے عوام کو ڈرنے کی ضرورت نہیں‘دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو کوئٹہ میں نہیں ٹھہرایاجارہا ‘اس وقت کورنٹائن سینٹر میں 127افراد ہیں جن کا تعلق مختلف مکتبہ فکر، قوم و نسل سے ہے‘کسی ایک قوم یا خاص کمیونٹی کو ٹارگٹ کرنا نامناسب اقدام ہے کورنٹائن سینٹر میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون کے ہمراہ کورنٹائن سینٹر کا دورہ کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اورنگزیب بادینی نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس کورنٹائن سینٹر میں 127افراد ہیں‘جبکہ 414دیگر افراد ہمارے پاس آجائیں گے جس کے بعد ٹوٹل541افراد ہوجائیں گے ان تمام کا تعلق بلوچستا ن کے مختلف علاقوں سے ہے‘ اس وقت کورنٹائن سینٹر میں موجود افراد میں صرف زائرین نہیں بلکہ دیگر افراد بھی شامل ہیں جو کاروبار کی غرض سے ایران یا دیگر ممالک گئے تھے۔ تمام افراد کاخاص کمیونٹی سے تعلق نہیں بلکہ اس میں مختلف کیمونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت 1866لوگ کوئٹہ کی طرف ضرور آرہے ہیں لیکن ان سب کا تعلق بلوچستان سے نہیں ‘ان میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کی تعداد414ہے جنہیں کورنٹائن سینٹر میں رکھا جائے گا حالانکہ یہ تمام افراد اپنا کورنٹائن ٹائم پورا کرچکے ہیں لیکن ہم احتیاط کے طور پر انہیں مزید کورنٹائن سینٹر میں رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرنے کی بات نہیں ملک کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو کوئٹہ میں ہر گز ٹھہرایا نہیں جارہا بلکہ دیگر صوبوں کے حکام سے اس حوالے سے رابطہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تمام اقوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا‘ کورونا وائرس سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگوں کی زندگی متاثر ہوئی‘ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے لوگ زندہ قوم ہیں اور ہم نے ہمیشہ ہر مشکل کا مقابلہ کیا ۔
تازہ ترین