کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر پی ایس ایل شروع ہونے سے قبل ٹورنامنٹ کے شیڈول سے ناراض تھے۔ کوئٹہ کی ٹیم جس انداز میں پی ایس ایل فائیو سے باہر ہوئی ندیم عمر اپنی ٹیم کو زیادہ وقت سفر کرانے پر سخت ناخوش ہیں اور اس معاملے کو پی ایس ایل گورننگ کونسل میں اٹھائیں گے اور اس بارے میں باضابطہ احتجاج کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم عمر شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد پی سی بی حکام کو تین خطوط تحریر کر چکے ہیں۔ ٹورنامنٹ سے پہلے کوئٹہ کو ان کے میچوں کے بارے میں بتادیا گیا لیکن دوسری ٹیموں کے شیڈول سے لاعلم رکھا گیا۔ اتوار کو ندیم عمر نیشنل اسٹیڈیم کے میڈیا سینٹر میں آئے لیکن انہوں نے آن دی ریکارڈ کچھ بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ جلد اس بارے باضابطہ بیان جاری کریں گے۔ پی ایس ایل سے پہلے ندیم عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا جو شیڈول بنایا گیا ہے اس میں کوئٹہ کی ٹیم زیادہ تر وقت سفر میں ہی رہے گی اور زیادہ تر وقت ہوا میں ہی اڑ رہی ہو گی۔ دوسری جانب لاہور قلندر کی ٹیم آٹھ میچ اپنے گھر میں ہی کھیلے گی۔ کرکٹ سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔ ندیم عمر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک میچ کے بعد فوراً اگلے میچ کے لیے سفر کرے گی۔ کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار رہیں گے۔ کوئٹہ اور ملتان دو ایسی ٹیمیں ہیں جن کا سب سے زیادہ ورک لوڈ ہو گا۔ ندیم عمر کا کہنا تھا کہ مزہ اسی وقت ہے جب ہر ایک کے لیے صورتحال ایک جیسی ہو۔ یہاں یہ ایک جیسی صورتحال نہیں ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے غیرملکی کرکٹروں کے پاکستان نہ آنے کا سب سے زیادہ نقصان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اٹھانا پڑا ہے۔