• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افشاں علی

مختلف تحقیقات کے مطابق رنگ نہ صرف ہمارے مزاج پر اثر انداز ہوتے ہیں، بلکہ ہماری شخصیات کا بھی اظہار ہوتے ہیں۔ ذیل میں چند رنگوں کے حوالے سے معلومات درج کی جارہی ہیں۔پڑھیے اور اپنے یا اپنے پیاروں کے بارے میں جانیے ۔

سفید:سفید رنگ سادگی کی علامت ہے، جسے پسند کرنے والے امن پسند، روشن خیال، نرم خُو اور حسّاس ہوتے ہیں اور ان میں دشمن کو زیر کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔

سُرخ :وہ افراد جنہیں سُرخ رنگ پسند ہے، وہ بہت شوخ و چنچل،مگر مزاجاً گرم طبیعت کے مالک ہوتے ہیں۔ بات بات پر غصّہ آجاتا ہے، دوسروں کی توجّہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ان کے مزاج میں سنجیدگی کا عُنصر نہیں پایا جاتا ۔تاہم، ان میں ہر لمحہ کچھ نہ کچھ کرتے رہنے کی خواہش اور جستجوضرور ہوتی ہے۔

سبز: یہ رنگ تقدّس کی علامت اورٹھنڈے مزاج کے لوگوں کی پہچان ہے۔اس رنگ کو پسند کرنے والے نیک دِل اور تخلیقی سوچ کے حامل ہوتے ہیں۔ مایوسی ان پر غالب نہیںآتی ۔حالات چاہے جیسے بھی ہوں، ہمیشہ پُرامید رہتے ہیں۔

نیلا:یہ رنگ سُکون، وفاداری، اعتماد،دیانت داری اور پا کیزگی کی علامت ہے۔جنہیں یہ رنگ بھاتا ہے، وہ درست فیصلے کرتے ہیں اور مشکل وقت میں معاملات کو احسن طریقے سے نبھانے کی بَھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ رنگ دُنیا بَھر میں سب سے زیادہ پسند کیا جاتاہے۔

گلابی:یہ رنگ نزاکت، خُوب صُورتی اور محبّت کی علامت ہے۔ گلابی رنگ پسند کرنے والے افراد اپنے دِل میںدوسرں کے لیے ہم دردی کا جذبہ رکھتے ہیں۔ فطرتاً سادہ طبیعت اور حسّاس دِل ہوتے ہیں۔نیز، ان میں جارحیت کا مادّہ بھی بہت کم پایا جاتا ہے۔

سُرمئی:ایسے افراد جو سُرمئی رنگ پسند کرتے ہیں، کُھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں اور ہر چیز کو مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں۔

طلائی:گولڈن رنگ پسند کرنے والے قابلِ اعتماد ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے زندگی میں کام یاب بھی رہتے ہیں۔

نارنجی:یہ رنگ پسند کرنے والے افراد سوشل ہوتے ہیں۔ عمومی طور پہ دوستانہ مزاج کے حامل ہوتے ہیں، مگر بات بات پہ بھڑکنے اور اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرنے کے سبب دوستوں کو کھو دیتے ہیں۔

پیلا :گرچہ پیلا رنگ انتظار کی علامت سمجھا جاتا ہے،مگر یہ رنگ پسند کرنے والوں کی شخصیت میں تازگی، مثبت فکر، ذہانت، وفاداری اور تقدّس کا عُنصر پایا جاتا ہے۔ ان افرادکی مزاح کی حِس بہت اچھی ہوتی ہے۔تصوّراتی دُنیا میں رہنا پسند کرتے ہیں،مگر دانش مندانہ فیصلے کرتے ہیں اور تخلیقی ذہن کے مالک ہوتے ہیں۔

سیاہ:اس رنگ کو طاقت، پُراسراریت، شجاعت، اقتدار، شائستگی اور نفاست کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ جن افراد کو سیاہ رنگ پسند ہوتا ہے، وہ بہت گہرے ہوتے ہیں، اپنے جذبات اور احساسات ظاہر نہیں ہونے دیتے۔تنہائی پسند ہوتے ہیں اور اپنی تمام تر خامیوں کو چُھپانا جانتے ہیں۔نیز، ہر بات کا منفی اور مثبت پہلو دیکھ کر بات کرتے ہیں۔

تازہ ترین