کوئٹہ میں بھی میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف جنگ و جیو ورکرز اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے میں بی یو جے کے صدر ایوب ترین، پریس کلب کے صدر رضاء الرحمان، دیگر رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں کے علاوہ جنگ اور جیو ٹی وی کے کارکنوں اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری کا مقصد میڈیا پر قدغن لگانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے اس سے پہلے بھی حق اور سچ کی آواز دبانے اور آزادی اظہارِ رائے پر پابندی لگانے کی کوشش کی گئی لیکن صحافیوں نے ہر دور میں اظہارِ رائے کی آزادی پر قدغن کو مسترد کیا ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے۔