• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ برادران کی ضمانت سے انصاف کا بول بالا، نیب سوچے اس کے پلے کیا رہ گیا؟ شہباز شریف

لندن (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نےخواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت منظور ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے تک قید ناحق گزارنے والے بیگناہ خواجہ برادران کو انصاف ملنے پر خداتعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ خواجہ برادران کی ضمانت سے انصاف کا بول بالا ہوا، نیب کو خود سوچنا ہو گا کہ اس کے پلے کیا رہ گیا؟ سپریم کورٹ کے فیصلے سے بے گناہ آخر کار انصاف سے ہمکنار ہو ئے ہیں۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ایک عظیم والد کے عظیم فرزند ہیں۔ معزز عدلیہ نے نیب کی نیت اور صلاحیت کے بارے میں جو کچھ کہا ہے اس کے بعد مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ ایک قومی ادارے کو کیا بنادیا۔ دونوں بھائی ایمانداری، محنت، نظریاتی وابستگی اور جرات و بہادری کی زندہ مثال ہیں۔ ایسے سیاسی قائدین کسی بھی جماعت، معاشرے اور ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہوتے ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ناحق قید ہر بے گناہ کو رہائی ملے۔  

تازہ ترین