لاہور، نارووال(نیوز رپورٹر، نمائندہ جنگ ) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان اور نارووال کے سپاہی محمد توصیف کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔لاہور میں شہید لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان کی نماز جنازہ میں عسکری قیادت اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نارووال محلہ انصاریاں کے سپاہی محمد توصیف کے نماز جنازہ میں مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال،ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ سمیت سیاسی ،سماجی ،دینی شخصیات سمیت ضلع بھر سے ہزاروں افراد کے علاوہ پاک فوج کے لیفیٹینٹ کرنل محسن رضا،میجر فیاض اعوان،کیپٹن عبداللہ،کیپٹن اویس و دیگر افسران نے شرکت کی ۔شہید کے چھوٹے بھائی محمد احسن نے کہا کہ وہ بھی اپنے پیارے پاکستان کی حفاظت کےلئے پاک آرمی میں جائے گا اور اس کی خواہش ہے کہ وہ بھی دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہو اور اپنے وطن کی حفاظت میں جان کا نذرانہ پیش کرے۔اس موقع پرن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ملک کا ہر بچہ وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے گا،جس قوم کے ایسے بہادر سپاہی ہونگے اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا،آج دہشت گرد شکست کھا چکے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔پاکستان کے دشمنوں کو بھی پیغام ہے کہ ان بہادر سپوتوں کے ہوتے ہوئے تم اس دھرتی پہ میلی نظر نہیں ڈال سکتے۔