وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فلائٹ آپریشن بند ہونے کی اطلاع ملتے ہی شہباز شریف نے آنے کا بیان داغ دیا۔
اپوزیشن لیڈ ر شہباز شریف کے وطن واپسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نےکہا کہ ن لیگ نے شہباز شریف کو بتایا کہ پاکستان کے لیے فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سنتے ہی شہباز شریف نے پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کو وطن واپسی کا بیان داغنے کا کہہ دیا۔
فواد چوہدری نےسوال اٹھایا کہ پتا نہیں یہ پاکستان کے لوگوں کو اتنا بے وقوف کیوں سمجھتے ہیں؟
وفاقی وزیر نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ شہباز شریف کو وطن واپسی کے لیے خصوصی اجازت دی جائے۔
انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ شہباز شریف جب پاکستان آجائیں تو انہیں 14 دن کے لیے میو اسپتال کے قرنطینہ میں رکھا جائے تاکہ انہیں اسپتال کی اہمیت کا احساس ہو۔