• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کو لاک ڈاؤن کرنے میں دیر نہ کی جائے، شہباز شریف

لاہور(اے این این )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر فوری طور پر ملک بھر میں لاک ڈاؤ ن کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے انسانی زندگی کیلئے بڑھتے خطرات پر لاک ڈاون کیاجائے، عوام کو خوراک کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے۔ ایک بیان میں شہبازشریف نے ملکی معیشت اور کورونا کی یکساں بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا اور معیشت کیلئے قومی سطح پر مناسب اقدامات کا عمل تیز کیا جائے۔معیشت اور کورونا کی سامنے آتی صورتحال کے مقابلے میں خامیاں اور شکایات دور کی جائیں، ملک بھر میں ڈاکٹرز، طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خراب ہوتی صورتحال میں عوام کی زندگی مزید خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرز پر پاکستان میں لاک ڈاون کرکے کورونا پر قابو پانے کے انتظامات کئے جائیں۔ تاخیر کی صورت بھیانک انسانی المیہ ناقابل قبول ہوگا ۔تاخیر سے ہونے والے کسی بھی نقصان کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہوگی۔ شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں متاثرہ فوت ہونے والے مریض سے ڈاکٹر کے متاثر ہونے کی اطلاعات کا حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے۔بلوچستان میں علاج معالجے اور متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے الگ مقامات کی دستیابی پر سنجیدگی سے فوری غور کیاجائے ۔ٹیسٹنگ کٹس کی عدم دستیابی کی اطلاعات کا نوٹس لے کر فوری اقدامات کئے جائیں۔لاہور اور دیگر علاقوں میں بدستور عوامی ہجوم کی اطلاعات خوفناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی اپریل اور جون کی سہہ ماہی میں 300 ارب ٹیکس وصولیوں میں کمی معاشی خطرے کا اعلان ہے۔پہلے ہی رواں مالی سال میں ٹیکس خسارہ 484 ارب ہے، ایف بی آر پہلے ہی اپنا ہدف پورا نہیں کرپایا۔رواں ماہ ٹریڑری بلز کی صورت آئی ہاٹ منی کا 1.28ارب ڈالر نکل جانا ہمارے خدشات کی تصدیق ہے۔علامات بتارہی ہیں کہ کورونا کے بعد معاشی جمود مزید سنگین ہورہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ تیر تکے چلانے کے بجائے ہوشمندی، جرات اور فوری اقدامات کا رویہ اپنانا چاہیے۔مزید ٹیکس لگانا حل نہیں، اس سے رہی سہی معاشی سانس بھی بند ہوجائے گی۔

تازہ ترین