لاہور(اے این این )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی وطن واپسی کے فیصلے پر طنز کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ میری وزیراعظم سے گزارش ہے کہ 14 دن شہباز شریف میو اسپتال کوآرٹین (قرنطینہ)کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا پتہ چلا واپسی کا اعلان داغ دیا، یہ لوگوں کو بیوقوف سمجھتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ میری وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ شہباز شریف لیڈر آف اپوزیشن ہیں ان کیلئے خصوصی اجازت دی جانی چاہئے اور 14 دن ان کو میو ہسپتال کو آرٹین کرایا جائے تا کہ انھیں احساس ہو کہ ہسپتال کی کیا اہمیت ہے۔ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدھری نے مزید لکھا کہ جوں ہی شہباز شریف صاحب کو بتایا گیا کہ پاکستان کیلئے فلائیٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے انھوں نے فوراً مریم اورنگزیب کو وطن واپسی کا بیان داغنے کا کہ دیا۔شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پتہ نہیں یہ پاکستان کے لوگوں کو اتنا بیوقوف کیوں سمجھتے ہیں؟