گوجرخان(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی وطن آمد سے لوگوں کے حوصلے بڑھیں گے حکومت کو ان کی خدمات سے استفادہ کرنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئر مین بلدیہ شاہد صراف کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے جنگی بنیادوں پر جس طرح ڈینگی وائرس کا مقابلہ کیا اور اس کا خاتمہ کیا وہ ملکی تاریخ کا روشن باب ہے،اگر آج شہبازشریف ہوتے تو کرونا وائرس کے باعث یہ صورتحال نہ ہوتی۔جاوید اخلاص نے کہا کہ نااہل قیادت کا ایسے مواقع پر پتہ چلتا ہے،اگر حکومت بروقت اقدامات کرتی تو آج یہ پریشان کن صورتحال نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ابھی تک کرونا وائرس سے نپٹنے کے لیے موثر انتظامات اور سہولیات نہیں ہیں، حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کا اعلان کرے،حکومت اس بحران سے متاثر ہونے والے لوگوں کی مالی امداد کا اعلان بھی کرے ۔