پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے پیشِ نظر اندرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کی بھی بڑے ایئر پورٹس پر اسکریننگ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس ضمن میں احکامات جاری کر دیئے ہیں جس کے بعد اندرونِ ملک سفر کرنے والوں کو بھی بڑے شہروں کے ایئرپورٹس پر اسکریننگ کرانی ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اندرونِ ملک تمام پروازوں کے مسافروں کو انٹرنیشنل لاؤنجز سے سفر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مسافروں کی اسکریننگ حال ہی میں انٹرنیشنل لاؤنجز میں نصب شدہ جدید تھرمل اسکینرز سے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 644 ہو گئی ہے، سندھ میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد292 ہے، کراچی میں 105 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، ایک مریض انتقال کر چکا ہے جبکہ 3 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: سندھ حکومت کی کورونا اعداد و شمار کی غلطی پر معذرت
پنجاب میں کورونا کے مزید 17 کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 152 ہو گئی، بلوچستان میں 103، گلگت بلتستان میں 55، خیبر پختون خوا میں31، اسلام آباد میں 10 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے 2 مریض انتقال کر چکے ہیں، ملک بھر میں اس موذی مرض سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 3 ہے۔