• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروازوں کی بندش،دنیابھرکےمختلف ائیرپورٹس پرپاکستانی مسافر پھنس گئے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اپنی فضائی حدود دو ہفتے تک تمام بین الاقوامی پروازوں کیلئے بند کرنے کے فیصلے کے بعد دوحہ، بنکاک اور کوالالمپور سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر پاکستانی مسافر پھنس کر رہ گئے، ویزہ ، کورونا سرٹیفکیٹ نہ ہونیکی وجہ سے ایئرپورٹ سے باہر جانیکی اجازت نہیں ، کوئی ایئر لائن لانے کیلئے تیار نہیں،54پاکستانیوں کو ملائیشیا میں داخلے کی اجازت مل گئی، دفتر خارجہ کے مطابق مسافروں کیساتھ رابطہ میں ہیں، مسئلہ حل کر لیا جائیگا،،متعدد پاکستانی مسافروں کے پاس ویزہ یا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا سرٹیفیکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے ایک طرف انہیں ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں مل رہی ہے جبکہ دوسری طرف ملک میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے کوئی ایئر لائن انہیں پاکستان لانے کیلئے تیار نہیں ہے، مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے پاکستانیوں میں بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کے علاوہ مریض بھی شامل ہیں، بنکاک ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کا کہنا تھا کہ انہیں اس ایئر پورٹ میں انتظار کرتے ہوئے تقریباً چوبیس گھنٹے گزر چکے ہیں اور انہیں کچھ پتا نہیں کہ وہ کب اپنے ملک واپس جا سکیں گے، دوسری طرف دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا یہ بات درست ہے کہ کئی ایئرپورٹس پر پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے ہیں، ان ملکوں میں موجود پاکستان کا سفارتی عملہ مسافروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ان کیساتھ مستقل رابطے میں ہے اور امید ہے کہ اس مسئلے کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ دریں اثناء کوالالمپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق کوالالمپور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پھنسے 54پاکستانی مسافروں کو پریشان کن صورتحال سے بچا لیا ہے، ہائی کمیشن سے جاری ایک بیان کے مطابق تھائی اورامارات کی پروازوں کے ذریعے پاکستان جانیوالے 54پاکستانی شہری ایئرپورٹ پر اس وقت پھنس گئے تھے جب پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی ایئر لائنز پر پابندی کا اعلان کر دیا گیاتھا جس کے پیش نظر ان مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا، امیگریشن کی رسمی کارروائی پہلے ہی مکمل ہو چکی تھی تاہم اطلاع ملنے پر پاکستانی ہائی کمیشن نے فوری طور پر ملائشین امیگریشن سے رابطہ کیا اور تمام پاکستانی مسافروں کو ملائشیا میں دوبارہ داخلے کی اجازت مل گئی۔

تازہ ترین