• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تفتان بارڈر کے معاملے پر حکومت کی نااہلی سامنے آئی ہے،شہباز شریف


صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تفتان میں بہترین انتظامات ہونے چاہیے تھے، تفتان بارڈر کے معاملے پر حکومت کی نااہلی سامنے آئی ہے، تفتان میں زائرین کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھا گیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کو دوران کہا ہے کہ پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے 890 مریض موجود ہیں، جیل میں بھی کورونا وائرس کا مریض سامنے آیا ہے، حکومت جیلوں میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کرے۔

شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ  نواز شریف نے پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے دعا گو ہیں، کورونا وائرس کے معاملے میں سیاست کو لانا گناہ ہوگا، سیاست کو بیچ میں لائے بغیر ہمیں صاف بات کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سب نے مطالبہ کیا کہ فی الفور لاک ڈاؤن کی طرف جانا چاہیے، بد قسمتی سے ہماری معیشت کمزور ہے، معاشرے میں تقسیم ہے، معیشت کے مسائل کے ساتھ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اس وقت ایک قوم بن کر کورونا وائرس کا مقابلہ کرنا چاہیے، سب مل کر کورونا وائرس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں ان کی ہدایات پر عمل کریں، کورونا وائرس کا علاج صرف احتیاط ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کریں، وزیراعظم نیشنل ٹاسک فورس میں تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دیں اور بیرون ممالک سے رابطہ کر کے وینٹی لیٹرز کا انتظام کیا جائے، ڈینگی وائرس کے مقابلے کے لیے ہم نے جرمنی سے سامان منگوائے تھے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اپنی جان پر کھیل کر کورونا وائرس مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل استاف کی تنخواہوں میں دو گنا اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز کو سیفٹی کٹس مہیا کی جائیں، کورونا وائرس ٹیسٹ عام افراد کے لیے مفت کئے جائیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے 10 ہزارسیفٹی کٹس ڈاکٹرز کو دی جائیں گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں غریب عوام سخت پریشان ہے، امیر آدمی کورونا ٹیسٹ کرا سکتا ہے لیکن غریب آدمی موجودہ صورتحال میں حکومت غریب افراد کی امداد کے لیے پلان سامنے لائے۔

شہباز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی معیشت پر بھی بات کی کہا کہ حکومت شرح سود میں 3 سے 4 فیصد تک کمی کی جائے ، شرح سود کی کمی سے 80 ارب روپے کی بچت ہوگی، مزدوروں کو رجسٹر کر کے 3 ہزار ماہانہ وظیفہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت میں 70 روپے فی لیٹر کمی کی جائے اس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، تیل کی قیمت میں 70 روپے فی لیٹر کمی کریں گے تو حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے 80 ارب روپے کی بچت ہوگی اور اس سے مسائل حل ہوں گے، جن کے5ہزار تک بجلی کے بل،2 ہزار تک گیس کا بل آتا ہے وہ ادائیگیاں ملتوی کردیں، حکومت کی کمزوریوں کو مثبت اندازمیں سامنے لائیں گے ، حکومت فلاحی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس قوم نے زلزلوں اور سیلاب سے مقابلہ کیا اس وبا کا بھی مقابلہ کریں گے، مخیر حضرات اس مشکل صورتحال میں آگے آئیں ، اس مشکل صورتحال میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا اس مشکل صورتحال کا مقابلہ کرکے دنیا کے سامنے عظیم قوم بن کر سامنے آئیں گے۔

تازہ ترین