• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سینئر اور جونیئر ہاکی کھلاڑیوں کیلئے یکساں ٹریننگ ماڈل تیار

کراچی( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کورونا وائرس سے کھیلوں کی سر گرمیاں متاثر ہونے کے بعد جونیئر اور سنیئر ٹیموں کےکھلاڑیوں کے لئے ٹریننگ کا واٹس ایپ گروپ یکجا کردیا ہے اس سے قبل دونوں ٹیموں کے گروپس الگ الگ تھے، نئے گروپ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے علاوہ کوچنگ اسٹاف بھی شامل ہیں ، یہ گروپس پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر( ر) خالد سجاد کھوکھر کی ہدایت پر بنایا گیا جنہوں نے ایک روز قبل وڈیو کی مدد سے پی ایچ ایف کے سکریٹری آصف باجوہ، چیف سلیکٹر منظور جونیئر اور قومی سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کے ساتھ میٹنگ میں دی ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے جنگ کو بتایا ہے کہ پی ایچ ایف کے صدر کی ہدایت پر ایک ٹریننگ ماڈل تیار کر کے تمام کھلاڑیوں کو واٹس اپ کردیا گیا جس میں ٹریننگ خاص کر فزیکل ٹریننگ کے حوالے سے وڈیوز بھی شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ تمام جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو تحریری طور پر ایک چارٹ واٹس ایپ کیا گیا جس میں انہیں وزن اٹھانے، پاور اسٹریٹ کے علاوہ خود کو فٹ رکھنے کے لئے رسی کودنے ، سیڑ ھیاں چڑھنے، اترنے کے علاوہ بال کنٹرول کرنے اور اسے پش کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ ساتھ ہی انہیں پش اپ، بیٹھنے ( سیٹ اپ) اور مختلف قسم کی ایکسر سائز کے بارے میں آگاہی دی گئی ہے، انہوں نے ہلکی غذا کے استعمال ، جوسز کے بارے میں چارٹ دیا گیا ہے جس میں انہیں مرغن غذا سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، کھلاڑیوں سے دونوں ٹیموں کے کوچز رابطے میں رہینگے۔ انہوں نے کہا کہا کہ اس چارٹ اور فزیکل ٹریننگ کا مقصد کھلاڑیوں کو ان کے گھروں پر فٹ رکھنا ہے تاکہ وہ کسی بھی وقت کیمپ کے آغاز کے موقع پر خود کو فٹ ثابت کرسکیں اور کوچنگ اسٹاف کو دوبارہ سے ان کی فٹنس پر کوئی اضافی محنت نہ کرنی پڑے۔
تازہ ترین