آپ آف لائن ہیں
اتوار11؍شعبان المعظم 1441ھ 5؍اپریل 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

قادر کے دوست کی حیثیت سے نمٹوں گا، عمر اکمل کو میانداد کی وارننگ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی تاریخ کے عظیم بیٹسمین اور سابق کپتان جاوید میاں داد نے اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنے کرنے والے ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کو تنبیہہ کی ہے کہ تم ایک عظیم کرکٹر عبدالقادر کے داماد ہو ۔ تم اپنے آپ کو ٹھیک کرو اس قسم کی غلط حرکتوں سے تم نیک نامی نہیں کررہے ہو۔ ایسی حرکتوں سے باز آو اور سدھر جائو۔ چھچھوری حرکتوں سے باز آکراپنے اور اپنے خاندان کے رتبے کا خیال کرو۔ اپنی اہلیہ اور بچوں کا خیال کرو۔اب میں عبدالقادر کی جگہ تم سے نمٹوں گا۔ واضح رہے کہ عمراکمل کو پاکستان سپر لیگ سے قبل پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ کے الزامات عائد کرکے معطل کردیا تھا اور اب انہیں چارج شیٹ دی گئی ہے۔ جاوید میاں داد جو اپنے منفرد اسٹائل کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے تھے انہوں نے بدھ کی شب اپنے یو ٹیوب چینل پر عمر اکمل کو مخاطب ہوئے کہا کہ عبدالقادر میراپیارا دوست تھا۔ میں عبدالقادر کے دوست کی حیثیت سے تم سے نمٹوں گامیں تمہارے بھائیوں اور والد سے درخواست کرتا ہوں کہ عمر اکمل کو کنٹرول کریں اور

اسے لگام دیں۔ تمہارے دوسرے بھی بھائی ہیں۔ تمہیں اللہ نے عزت دی ہے تم کرکٹ کھیل رہے ہو۔ تم نامناسب حرکتیں کرکے ہمیں اور ملک کو بدنام کررہے ہو۔ پاکستان کے عوام اور کھلاڑی تمہاری ان حرکتوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہر کوئی تمہاری مذمت کررہا ہے اور تم اپنے پیشے پر لات ماررہے ہو۔ جاوید میاں دادنے عمر اکمل کو نصحیت کی کہ پاکستان کے لئے کھیلو اور اس کھیل سے پیسہ کمائو، آج ہم کرکٹ چھوڑ چکے ہیں لوگ اسی لئے محبت کرتے ہیں کہ ہم نے پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔ عبدالقادر اب دنیا میں نہیں ہے لیکن اس کی جگہ میں ہوں۔ میں اب عبدالقادر کی جگہ تمہاری سرزنش کروں گا میں عبدالقادر کے گھر والوں کو کہتا ہوں کہ میں اب عمر اکمل سے نمٹوں گا اس لئے تم کرکٹ کھیلو۔ غلط حرکتیں کرکے ملک اور خاندان کی بدنامی کا سبب نہ بنو۔

اسپورٹس سے مزید