• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہری حفاظتی تدابیر پر عمل کریں، لاک ڈائون پر عمل درآمد کیلئے سخت اقدام اٹھایاجائے گا، آئی جی پولیس

کو ئٹہ ( خ ن)ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ شہر میں مکمل لاک ڈاؤ ن کے دوران اشیائےخوردونوش کی دکانیں کھلی رہیں گی تاکہ عام لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاءآسانی سے میسر ہوسکیںجبکہ بلا وجہ سڑکوں اور گلیوں میں گھومنے پھرنے والوں کے خلاف لاک ڈائون پر عملدرآمد کروانے کے لئے سخت اقدام اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے گھروں میں رہنے کی تاکید کی تاکہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روک کر لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ عوام میں آگاہی کے لئے کوئٹہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ 3 روز سے آگاہی مہم شروع کر رکھی ہے اور اب بلا وجہ سڑکوں پر گھومنے اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور رکشوں میں آنے جانے والوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے سڑکوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا جبکہ رکشوں میں صرف مریضوںا ور ایمر جنسی کے لئے آنے جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی پولیس کے دفتر میں سیکورٹی فورسز کے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کے دوران کیا ۔اجلاس میں سیکٹر کمانڈر فرنٹیرکور بریگیڈیئرفرحان،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر(ر) اورنگزیب بادینی، کمانڈنٹ غزہ بند اسکاؤ ٹس، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ طارق الٰہی مستوئی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سردار اسد خان ناصر، ایس پی سٹی ڈویژن عبداللہ جان آفریدی، ایس پی صدر ڈویژن شوکت خان مہمند ،ایس پی سریاب ڈویژن ضیاء خان مندوخیل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ شہر میں جاری لاک ڈاؤ ن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے علاوہ اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور کھانے پینے کی اشیاءکی دوسرے صوبوں سے منتقلی اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر آمدو رفت سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤ ن پر عملدرآمد کویقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو اب سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا تاکہ لوگوں کو گھروں تک محدود کیاجاسکے۔لاک ڈاؤ ن کا مقصد احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر میں تنور، دودھ، پولٹری، مرغی انڈا، پرچون سبزی، میڈیکل سٹورز سمیت میڈیا ہاؤ سز میں کام کرنے والے ملازمین کو استثنیٰ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اشیائےخوردونوش کی کوئی کمی نہیں یہ تمام چیزیں وافر مقدار میں موجود ہیں ڈپٹی کمشنر کی ہول سیل ڈیلر، انجمن تاجران سمیت دیگر اسٹیک ہولڈر سے بات چیت ہوئی ہے اور ہزار گنجی میں واقع سبزی اور فروٹ منڈی کاسی روڈ پر واقع سبزی مارکیٹ بھی عوام کی سہولت کے لئے کھلی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کچھ ریسٹورنٹ والوں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوٹلوں کو کھلا رکھا جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی کڑی نگرانی کی جائے گی اس کے علاوہ پولیس، ایف سی، لیویز اور ضلعی انتظامیہ ملکر لاک ڈاؤ ن پر عملدرآمد کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایسی تدابیر اپنائیں اور اب انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت اقدام اٹھاتے ہوئے شہر کو بند کرنے کے علاوہ مختلف سڑکوں کو بھی آمدو رفت کے لئے بند کردیں گے کیونکہ پولیس اور انتظامیہ گزشتہ 3 روز سے لاک ڈاؤ ن اور کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے شہریوں میں آگاہی مہم تواتر کے ساتھ چلا رہی ہے شہری اپنی، اپنے اہلخانہ اور دوسروں کی زندگیوں کومحفوظ بنانے کیلئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
تازہ ترین