• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مایا علی مستحق افراد کی مدد کیلئے میدان میں آگئیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ مایا علی جان لیوا کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث بے روزگار ہونے والے غریب ، دیہاڑی دار مزدوروں اور مستحق افراد کی مدد کے لیے میدان میں آگئیں۔ مایا علی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر مستحق افراد میں تقسیم کیے جانے والے راشن بیگز کی چند تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ یہ راشن کا پہلا بیچ ہے جو ہم مستحق افراد میں تقسیم کرنے جا رہے ہیں۔مایا علی نے لکھا یہ صحیح وقت ہے جب ہمیں کسی اور کی مدد کا انتظار کرنے کے بجائے معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ یہ وقت بہت مشکل ہے اور ہمیں بحیثیت قوم ایک ہونا ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے۔ الحمداللہ مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ نے مجھے یہ موقع دیا کہ اس مشکل وقت میں میں لوگوں کی مدد کروں۔مایا علی نے لکھا کہ چند روز قبل ان کے دماغ میں یہ خیال آیا اور انہوں نے اسے اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کیا جس کے بعد ان کے دوستوں نے بھی اس نیک کام میں ان کا ساتھ دیا۔ مایا نے کہا کہ میں اپنے دوستوں کی اور ان تمام لوگوں کی بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے اس کار خیر میں حصہ لیا اور اپنا کردار ادا کیا۔ہمیں نہیں معلوم یہ مشکل وقت کب تک چلے گا لیکن ہم سب کو ان تمام لوگوں کے لیے کھڑ ے رہنا ہے جو مستحق ہیں۔ انشا اللہ یہ سب جلدی ختم ہوجائے گا لیکن تب تک ہمیں یہ کرتے رہنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مایا علی نے لوگوں سے درخواست کی کہ اگر کوئی اس کام میں ان کا ساتھ دینا چاہتا ہے تو ان سے رابطہ کرسکتا ہے اور انہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ یہ چیزیں مستحق افراد تک ہی پہنچیں گی۔ ہمیں حیثیت ایک قوم کورونا سے لڑنا ہے اور اس پر جیت حاصل کرنی ہے۔

تازہ ترین