• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، جی 20 گروپ کا عالمی معیشت کو 5 کھرب ڈالر دینے کا عزم

واشنگٹن /پیرس(مانیٹرنگ/رضا چوہدری) جی 20 گروپ نے کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے عالمی معیشت کو5کھرب ڈالر دینے کاعزم ظاہر کیا ہے ،رقم فراہمی کامقصدعالمی وباپرقابوپانا ، ملازمتوں اورآمدنی کے نقصان کو کم کرناہے۔شاہ سلمان نے کہاکہ عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے ہنگامی اقدامات فوری اٹھائے جائیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم عالمی بحران سے مختلف طریقے سے نمٹ رہے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فورم کے رہنماؤں نے ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر عمل درآمد اور فنڈ فراہم کرنے کا عہد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کی حفاظت کے لیے ہنگامی اقدامات ہدف کے مطابق مناسب، شفاف اور عارضی ہوں گے۔شاہ سلمان کی زیرصدارت ویڈیو اجلاس میں کمزور ممالک، خاص طور پر افریقہ اور مہاجرین جیسی آبادی کے خطرات کے بارے میں بھی تشویش کا اظہارکیاگیا۔جی 20 رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس مشترکہ خطرے کورونا وائرس کے خلاف متحدہ محاذ پیش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ گروپ نے کہا کہ وہ اس وبائی مرض سے معاشی نقصان کا خاتمہ کرنے کے لیے ہدف بنائے جانے والی مالی پالیسی، معاشی اقدامات اور ضمانتی اسکیموں کے تحت عالمی معیشت میں 5 کھرب ڈالر سے زائد دے رہی ہیں۔یہ رقم اتنی ہی ہے جتنی جی 20 ممالک نے 2009 میں عالمی معیشت کو فروغ دینے کے لیے فراہم کی تھی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گروپ کے سربراہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نےکہا کہ جی 20 ممالک کو عالمی معیشت پر اعتماد کو بحال کرنے میں مدد کے لیے ضروری طبی سامان کی فراہمی سمیت سامان اور خدمات کے معمول کے بہاؤ کو جلد از جلد دوبارہ شروع کرنا چاہیے۔بعدازاں نیوزبریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ جی 20 ممالک ایک دوسرے کو بحران سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششوں کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔ٹرمپ نے کہا کہ ہم بحران کوکچھ مختلف طریقوں سے سنبھال رہے ہیں تاہم یہاں بڑی یکسانیت ہے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ٹرمپ اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے جی 20 اور دیگر گروپس کے ذریعے تعاون کی اہمیت پر بین الاقوامی تنظیموں کو وبائی بیماری کا جلد خاتمہ کرنے اور اس کے معاشی اثرات کو کم سے کم کرنے میں مدد کرنے کے لیے اتفاق کیا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیدروس ادھانوم نے جی 20 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی قلت کے باوجود صحت کے کارکنوں کے لیے ذاتی تحفظ کے سامان کی مالی اعانت فراہم کرنے اور ان کی تیاری کے لیے مدد حاصل کریں۔

تازہ ترین