• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے بھر میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں، اسماعیل راہو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ صوبے میں گندم اور آٹے کا نہ بحران ہے اور نہ یہ قلت ہے۔صوبے میں گندم کی بمپر فصل پیدا ہوئی ہے۔جمعہ کوجاری کردہ اپنے بیان میں صوبائی وزیر زراعت نے کہا سندھ میں گندم کے ذخائر موجود ہیں آٹے کا کوئی بحران نہیں۔صوبے میں آٹے کی قلت کسی صورت ہونے نہیں دینگے۔بلا تعطل آٹے کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت نے فلور ملز مالکان کو کاشت کاروں سے براہ راست گندم کی خریداری کی اجاز ت دےدی ہے۔یہ اجازت عارضی طور پرمخصوص حالات کی وجہ سے دی گئی ہے جبکہ سندھ حکومت نے بھی گندم کی خریداری شروع کردی ہے۔ کراچی شہر میں 5 ہزار میٹرک ٹن گندم کا آٹا فلور ملز روزانہ سپلائی کررہے ہیں۔ کراچی میں فلورملز کی جانب سے روززانہ بیس کلو آٹے کی 50 ہزار بیگز فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ روزانہ غریبوں میں فلاحی اداروں کے ذریعے بیس کلو کے 20 ہزار تھیلے آٹا تقسیم ہورہے ہیں۔ لاک ڈائون کی صورتحال کا ذخیرہ اندوزوں اور دکانداروں کو ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دیا جائے گا۔مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔لاک ڈائون کی وجہ سے باردانہ کی ترسیل بر وقت نہیں پارہی ہے جس کی وجہ سے خریداری کے عمل میں ایک ہفتے کی تاخیر ہوئی۔ سندھ نے گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کرنےکیلئے ایک کروڑ بارہ لاکھ پلاسٹک اور 28 لاکھ پٹ سن کی بوریاں خریدی ہیں۔اب تمام اضلاع میں باردانہ مہیا کر دیا گیا ہے۔کاشتکاروں کی آسانی کے لئے23اضلاع میں525 خریداری مراکز قائم کر دئے ہیں۔

تازہ ترین