کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر وفاقی وزیر پیڑرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کوپاکستان بھر میں بلند و بالا رہائشی عمارتوں کو فوری طور پر گیس کنکشنز کے اجراء کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ، آباد کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلز کے مطابق مینجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس خالد رحمان نے ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز ( آباد) کے وفد سے ملاقات کے دوران گیس کنکشنز پر پابندی اٹھانے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ۔ آباد کے چیرمین حنیف گوہر کی قیادت میں شامل چیرمین سدرن ریجن آصف سم سم اور آباد کے ممبران فیاض الیاس، ریاض رزاق اور انور اوکے شامل تھے جبکہ ملاقات میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے سینئر عہدیدار ڈاکٹر اعجاز اور عفیف احمد بھی موجود تھے۔ ایم ڈی ایس ایس جی سی خالد رحمان نے وفد کو بتایا کہ آج مورخہ ۵ اپریل سے ملک بھر کے ساتھ ساتھ کراچی اور حیدرآباد کے تکمیل شدہ منصوبوں کو گیس کنکشنز جاری کئے جارہے ہیں جس کا باقائدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ایم ڈی ایس ایس جی سی نے کہا کہ آباد بلا شبہ ستائش کا مستحق ہے جس کی کاوشوں سے ہزاروں افراد کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔ خالد رحمان نے وفد کو یقین دہا نی کرائی کہ گیس کنکشنز کے اجراٗ میں حائل تمامتر رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور ساٹھ روز میں بلڈرز کو سینیا رٹی کی بنیادوں پر کنکشنز دیئے جائیں گے۔ مینجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی خالد رحمان نے گیس کے کنکشنز کے حوالے سے ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ایسو سی ایشن کا کردار فراہموش نہیں کیا جاسکتا۔ قبل ازیں چیر مین آباد حنیف گوہر نے ایم ڈی ایس ایس جی سی سے ملاقات کے دوران ان کی اور اایس ایس جی سی کے سینئر حکام کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے آباد کے مسئلے پر بھرپور تعاون کیا۔ حنیف گوہر نے بلڈرز کے دیگر مسائل پر بھی روشنی ڈالی، انہوں نے کہا سوئی سدرن گیس کمپنی ساٹھ روز کے طویل عمل کو مختصر کرے۔ چیرمین آباد کی نشاندہی پر ایم ڈی ایس ایس جی سی نے کہا کہ بلڈرزکی تعمیر کی گئیں رہائشی کالونیوں کو بھی جلد ہی کنکشنز جاری کئے جائیں گے۔ حنیف گوہر نے ایم ڈی ایس ایس جی سی کو بتایا کہ ستمبر دو ہزار گیارہ سے لگائی گئی گیس کنکشنز پر پابندی کے نتیجے میں بلڈرز کا ہی نہیں ہزاروں افراد کا نقصان ہوا جو اپنے گھروں کے خواب سجائے پانچ سال سے گیس کنکشنز کے منتظر تھے۔