• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں واقع گیس اسٹیشن پر ڈکیتی کی واردات کے دوران پاکستانی نژاد امریکی کو قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح ساؤتھ فورٹ ورتھ میں واقع سپر بگ کاؤنٹی مارٹ گیس اسٹیشن میں موجود ایوب علی کو ڈکیتی کی واردات کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔

اس سلسلے میں فورٹ ورتھ پولیس کے شیرف کا کہنا ہے کہ ملزم کار نمبر جی پی بی 0449 میں سوار تھا جس نے اپنے چہرے پر سرجیکل ماسک پہنا ہوا تھا، اس کے سر پر سفید ٹوپی تھی جبکہ ہاتھوں میں دستانے تھے۔

پولیس شیرف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملزم سے متعلق جس کسی کو بھی کوئی معلومات ہوں تو وہ نائن ون پر یا فون نمبر 8178841213 پر کال کر کے پولیس کو مدد فراہم کر سکتے ہیں۔

پولیس شیرف نے ملزم کی ویڈیو بھی عوام سے شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کا حلیہ کیسا ہے۔

واضح رہے کہ مقتول ایوب علی کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے، جن کی عمر 60 سال سے زائد بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹیکساس میں فائرنگ سے7 افراد زخمی

مقتول ٹیکساس کے شہر یولس میں کئی دہائیوں سے مقیم تھے، انہوں نے سوگواران میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

اس واقعے کے سبب اسماعیلی اور مقامی پاکستانی کیمونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، مقتول ایوب علی کی لاش اب تک پولیس کی تحویل میں ہے۔

لاش ورثاء کو ملنے کے بعد مقتول ایوب علی کو امریکا میں واقع اسماعیلی کمیونٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

تازہ ترین