• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیشائر: کتےکو بچانے کی کوشش میں نوجوان ڈوب کر ہلاک

لندن (پی اے) چیشائر میں 21 سالہ نوجوان دریا میں گرنے والے کتے کو بچانے کی کوشش میں ہلاک ہوگیا۔ یہ واقعہ ہفتہ کو ناروچن کی ویئر سٹریٹ چیشائر میں دریائے ویور کے کنارے پیش آیا، جہاں 21 سالہ نوجوان اور ایک 20 سالہ خاتون کتوں کے ساتھ چہل قدمی کر رہے تھے کہ ایک کتا دریا میں جا گرا، جس کے بعد نوجوان اور خاتون اسے بچانے دریا میں اترے۔ جی ایم ٹی 5 بجے جب ایمرجنسی سروسز کال پر وہاں پہنچیں تو خاتون دریا کے کھڑے پشتے سے لٹکی ہوئی ملیں، فائر فائٹرز نے پشتے میں سیڑھی لگا کر خاتون کو باہر نکالا۔ چیشائر پولیس نے بتایا کہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے بعدازاں ڈسچارج کردیا گیا۔ ایک پولیس ہیلی کاپٹر، پانی کے اندر تلاش کرنے والی ٹیم اور امدادی بوٹ نے نوجوان کی تلاش کے آپریشن میں حصہ لیا اور تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر دریا سے ایک لاش ملی، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اسی 21 سالہ نوجوان کی ہے۔ چیشائر پولیس نے اس کی فیملی کو آگاہ کردیا ہے اور واقعہ کو کسی مشتبہ واردات کے طور پر نہیں دیکھا جا رہا۔ فائر فائٹرز نے دریا میں گرنے والے کتے کو بھی بحفاظت نکال لیا تھا۔
تازہ ترین