• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کو 20، پنجاب کو 5 ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کردیں، جنرل افضل

سندھ کو 20، پنجاب کو 5 ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کردیں، جنرل افضل


چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو 20 ہزار پنجاب کو 5 ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کردی ہیں۔

معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور معید یوسف کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں جنرل محمد افضل نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھا رہے ہیں، 6 اپریل سے پہلے پہلے 1 لاکھ حفاظتی کٹس ملک میں پہنچ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ملک میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد بڑھاکر دگنی کی جاسکے، اس حوالے سے نئی لیبارٹریز کی طرف جارہے ہیں۔

جنرل محمد افضل نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان، پنجاب میں گجرات اور بہاولپور، سندھ میں ایس آئی یو ٹی اور جے پی ایم سی ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا کی لیبارٹریز کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ وہاں بھی کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ شروع کی جاسکے، ساتھ ہی بلوچستان حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی جعفر آباد اور گوادر کی لیبارٹریز کا معیار بلند کرے تاکہ ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا جاسکے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ اولین ترجیح میڈیکل ٹیموں کے لیے سامان کی فراہمی ہے، اگلے تین دن میں 4 تا 5 فلائٹس چین جائیں گی اور واپسی پر طبی آلات لائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی 1200 سے 1500 کے درمیان وینٹی لیٹرز ہمارے پاس موجود ہوں گے، بیجنگ سے آنے والے سامان میں 100 واک تھرو تھرمل اسکین ہیں۔

جنرل محمد افضل نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو وبا کے خلاف درکار سامان مہیا کردیا گیا ہے، جو 5 ہفتوں کے لیے کافی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں کو بھی سامان مہیا کردیا گیا ہے ساتھ ہی ایک یہ سہولت بھی فراہم دی ہے کہ جیسے ہی ان کے پاس سامان ختم ہو وہ فوراً رابطہ کرسکیں۔

تازہ ترین