• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، ہلاکتیں 41 ہزار سے زیادہ، مریض 8 لاکھ سے بڑھ گئے، طواف کعبہ کی اجازت، بھارت میں کورونا کی وجہ سے تبلیغی جماعت پر سختی

کورونا وائرس، ہلاکتیں 41 ہزار سے زیادہ، مریض 8 لاکھ سے بڑھ گئے


ریاض، نئی دہلی، تہران،پیرس، واشنگٹن، لندن ، جکارتہ(شاہد نعیم،اے ایف پی، خبر ایجنسیاں،جنگ نیوز)کورونا وائرس دنیاکے 184ممالک تک پہنچ گیا، دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 8لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ 41ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں،مسجد الحرام میں مطاف(خانہ کعبہ کے اطراف کے صحن) میں طواف کی محدود اجازت دے دی گئی ہے۔

بھارت میں کورونا کی وجہ سےتبلیغی جماعت پر سختی کردی گئی ،امریکا میں کیسز چین سے دگنا ہوکر ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز ،اموات بھی چین سے بڑھ گئیں، اٹلی میں12ہزار500، اسپین میں 8ہزار 200مجموعی ہلاکتیں،بیلجیم میں 12سالہ بچی دم توڑ گئی، انڈونیشیا میں ایمرجنسی نافذ ، ایران میں مزید 141مریض چل بسے، پیوٹن سے ملاقات کرنے والے ڈاکٹر میں بھی وائرس نکل آیا، یورپی میڈیسن ایجنسی کاکہناہےکہ ویکسین مارکیٹ آنےمیں سال لگ سکتا ہے۔

تفصیلات کےمطابق کورونا سے دنیامیں متاثرین کی تعداد 8لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ 41ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں، صرف یورپ میں 30ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ یورپ میں کیسز کی تعداد بھی ساڑھے 4لاکھ ہوگئی ہے، یورپ کےسب سے زیادہ متاثرملک اٹلی میں ساڑھے 12ہزار ہلاکتیں سامنے آچکی ہیں اور مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 6ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔

اسپین میں 8ہزار 200ہلاکتیں دیکھی گئی ہیں، صرف 24 گھنٹے کے دوران اسپین میں مزید849اموات ریکارڈ ہوئیں جبکہ مجموعی مریض 95ہزار تک پہنچ گئے ہیں، فرانس میں 24 گھنٹے کےدوران کورونا وائرس سے مزید 500 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کےساتھ ہی مجموعی تعداد 3ہزار 523ہوگئی جبکہ وائر س سے متاثر افراد کی تعداد 23ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

 یورپی میڈیسن ایجنسی کا کہناہےکہ کورونا وائرس کی ویکسین کو مارکیٹ میں آنے میں ایک سال لگ سکتا ہے،یورپ کے علاوہ امریکا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں کورونا متاثرین کی تعدادایک لاکھ 70ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ ہلاکتیں 3400سے زیادہ ہیں ، جو چین سے زیادہ ہیں، صرف نیو یارک میں 2 ہفتے قبل کورونا متاثرین کی تعداد463 تھی جو اس وقت 36ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، ڈاکٹرز نے خبردار کیاہےکہ ہمیں اس سےبھی بری صورتحال کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ 

برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران مزید 381مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی تعداد 1700سے تجاوز کرگئی ہے۔برطانیہ میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر 25ہزار تک پہنچ گئی ہے، تاہم وزیر اعظم جانسن نے وائرس کے دوران عوام کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ مشترکہ کوششوں سے ہی وائرس سے نمٹا جاسکتا ہے۔ 

یورپی ملک بیلجیئم میں کورونا سے متاثر 12سالہ بچہ بھی زندگی کی بازی ہار گیا، ملک میں جاں بحق افراد کی تعداد 705 ہوگئی،اب تک 12ہزار700 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے، آسٹریا میں وائرس کے مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہےاور اب تک 128 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔افریقی ملک تنزانیا اور موریتانیا میں بھی کورونا سے پہلی پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ 

کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے انڈونیشیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ملک میں کورونا سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 136ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 1500سے بڑھ گئی ہے۔ 

ایران میں گزشتہ روز بھی کورونا وائرس سے مزید 141 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے ساتھ ہی مجموعی ہلاکتیں 2900تک پہنچ گئی ہے،ملک بھر میں مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 44ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

ادھر روس کے سب سے بڑے اسپتال کے سربرا ہ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے ۔

تازہ ترین