کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے نوٹس لیے جانے کے بعد حکومت سندھ نے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو ایک خط کے ذریعہ وہ رقم خرچ کرنے سے روک دیا تھا ، جو پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے انتظامات کے لیے حکومت سندھ کی طرف سے جاری کی گئی تھی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی طرف سے محکمہ خزانہ حکومت سندھ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو ایک خط لکھا گیا ، جس میں کہا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے حوالے سے جاری کردہ ڈھائی کروڑ روپے کی رقم استعمال نہ کی جائے ۔ واضح رہے کہ اس رقم کی منظوری کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اس معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی تھی ۔