• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت و انتظامیہ محنت کشوں کو راشن کی فراہمی یقینی بنائے، شفیق آرائیں

سکھر (بیورو رپورٹ) موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شفیق آرائیں نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث یومیہ اجرت سے محروم ہونے والے طبقے میں حکومت و انتظامیہ راشن کی تقسیم کے اعلانات کو عملی جامہ پہنائے، موٹر مکینکوں کی بھی ایک بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے، میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر کو مستریوں کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لئے انتظامات کرنے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محنت کشوں میں کھانے و پینے کی اشیاء تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ استاد شفیق آرائیں کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باعث محنت کش طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں، یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے محنت کشوں کی ایک بڑی تعداد اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانے سے بھی محروم ہوگئی ہے، ہم لوگ اپنی مدد آپ کے تحت جتنا ہوسکتا ہے اتنی ان لوگوں کی مدد کررہے ہیں تاہم حکومت و انتظامیہ کو بھی چاہیے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں لوگوں کی بھرپور مدد کرے، راشن کی تقسیم کے عمل کو صاف و شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے مےئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور سے اپیل کی کہ ڈینٹر پینٹر کالونی میں یومیہ اجرت سے محروم ہونیوالے موٹر مکینکوں کا خیال کیا جائے اور ان کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کئے جائیں۔

تازہ ترین