• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں آج دوپہر 12 بجے سے ساڑھے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

آج سندھ میں دوپہر 12 تا 3:30 مکمل لاک ڈاؤن


سندھ بھر میں آج دوپہر 12 بجے سے سہ پہر ساڑھے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہو گا، جس میں مرکزی بازار اور علاقائی دکانوں سمیت ہر قسم کا کاروبار بند رہے گا اور سڑکوں پر گاڑیاں لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے سندھ حکومت کا ایک اور اہم اقدام سامنے آگیا، آج صوبے بھر میں ساڑھے تین گھنٹے کے مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

فیصلے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور مساجد میں زیادہ سے زیادہ 5 افراد نماز جمعہ ادا کرسکیں گے باقی لوگوں کو گھر میں نماز پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ساڑھے تین گھنٹے کے لاک ڈاؤن میں کراچی سمیت سندھ بھر کی تمام مارکیٹس، دکانیں، اسٹورز، کھانے پینے کے ٹھیلے بند رہیں گے اور ہر قسم کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔

ٹریفک کی روانی بھی بند رہے گی اور خلاف وزری پر کارروائی کی جائے گی جبکہ کریانہ اور میڈیکل اسٹورز صبح 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک اور ساڑھے 3 بجے سے ساڑھے 6 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے 14 اپریل تک شاپنگ مالز، سنیما گھر، شادی ہالز، بینکوئٹ آڈیٹوریم، فارم ہاؤسز، ساحلی مقامات، الیکٹرونکس مارکیٹ اور سماجی تقاریب پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مقررہ مدت تک شورومز، بیوٹی پارلر سمیت تفریحی مقامات، انٹرسٹی اور انٹر پراوینس پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی جبکہ تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے۔

تازہ ترین