• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ حالات میں تمام صوبے قومی مفاد کو مقدم رکھیں، تیمور جھگڑا

پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ اس وقت ہم سب کو قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اس کے لیے کام کرنا چاہئیے۔ کورونا وباء سے پیدا شدہ بحرانی صورت حال میں تمام صوبوں کو قومی مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تفتان سے غلطی سے دیگر صوبوں کے رہائشیوں کو خیبر پختونخوا لایا گیا جنہیں ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام سہولیات فراہم کی گئیں اور صحت یابی کے بعد انہیں اپنے علاقوں کو روانہ کر دیا جائے گا۔ تیمور جھگڑا کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ تفتان بارڈر سے خیبر پختونخوا لائے گئے 121 افراد میں سے 13 کا تعلق پنجاب، سندھ اور اسلام آباد سے ہے جنہیں غلطی سے خیبر پختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کے دو قرنطینہ مراکز بھیج دیا گیا تھا۔ ان 13 افراد میں سے 4 اسلام آباد، 2 راولپنڈی، 03 گجرانوالہ کے رہائشی جبکہ ایک ایک کا تعلق کراچی، گجرات، جھنگ اور منڈی بہاوالدین سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر قائم ان 2 قرنطینہ مراکز میں موجود افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان افراد کو صحت یابی اور کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر اپنے علاقوں کو روانہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں لائے جانے کے بعد اگر ان افراد کو اسی وقت اپنے علاقوں کو روانہ کیا جاتا تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا تاہم صوبائی حکومت نے قومی مفاد میں ان افراد کو اپنے پاس رکھا اور محدود سہولیات اور جگہ کے باوجود انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ اسی طرح تمام صوبوں کو کورونا وباء سے پیدا شدہ اس بحران میں ہر طرح کے مفادات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف قومی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے اور اسی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 72 سال سے چلے آ رہے مسائل ایک دم حل نہیں ہو سکتے۔
تازہ ترین