• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ کرفیو نہیں ہے، کیئر فور یو ہے: ناصر حسین شاہ


سندھ کے وزیرِ بلدیات و اطلاعات ناصر حسین شاہ آج صوبے میں 12 بجے دوپہر سے ساڑھے 3 بجے تک کیے جانے والے مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے کہتے ہیں کہ یہ کرفیو نہیں ہے، کیئر فور یو ہے۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ بلدیات و اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے صوبے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ تمام لوگ گھروں میں نماز ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب کے علمائے کرام نے بھی گھروں میں نماز ادا کرنے کا کہا ہے، ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں کہ زیادہ لوگ ایک جگہ جمع نہ ہوں۔

وزیرِ اطلاعات و بلدیات سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ راشن کی تقسیم کے لیے جلد از جلد لوگ رجسٹرڈ ہوں۔

ناصر حسین شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام کے رجسٹریشن کے حوالے سے نادرا کے چیئرمین نے بھی اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ آج جمعۃ المبارک ہے اور لاک ڈاؤن کے بعد سے یہ دوسرا جمعہ ہے، سندھ حکومت کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں آج دوپہر 12 تا ساڑھے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے آج دوپہر 12 تا ساڑھے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کے سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نمازِ جمعہ کے اجتماعات کو محدود رکھا جائے گا اور مساجد میں زیادہ سے زیادہ 5 افراد نماز جمعہ ادا کرسکیں گے، باقی لوگوں کو گھر میں نماز پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ساڑھے 3 گھنٹے کے لاک ڈاؤن میں کراچی سمیت سندھ بھر کی تمام مارکیٹس، دکانیں، اسٹورز، کھانے پینے کے ٹھیلے بند رہیں گے اور ہر قسم کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ میں آج دوپہر 12 تا ساڑھے تین مکمل لاک ڈاؤن

اس دوران ٹریفک کی روانی بھی بند رہے گی اور خلاف وزری پر کارروائی کی جائے گی جبکہ کریانہ اور میڈیکل اسٹورز صبح 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک اور ساڑھے 3 بجے سے ساڑھے 6 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔

محکمۂ داخلہ سندھ نے 14 اپریل تک شاپنگ مالز، سنیما گھر، شادی ہالز، بینکوئٹ، آڈیٹوریم، فارم ہاؤسز، ساحلی مقامات، الیکٹرونکس مارکیٹ اور سماجی تقاریب پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مقررہ مدت تک شورومز، بیوٹی پارلر سمیت تفریحی مقامات، انٹرسٹی اور انٹر پراوینس پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی جبکہ تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رہیں گے۔

تازہ ترین