• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس ایکٹ کے تحت خاتون پر غلط 660 پونڈ جرمانہ

لندن (پی اے) نئی کورونا وائرس قانون سازی کے تحت ایک خاتون کو غلط چارج کر دیا گیا اور اس پر 660 پونڈ جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے یہ اعتراف کیا کہ اس خاتون کو غلط طور پر چارج کیا گیا تھا۔ یارک سے تعلق رکھنے والی 41 سالہ میری ڈینو کو نیو کاسل سینٹرل سٹیشن سے ہفتے کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب اس نے پولیس کو یہ بتانے سے انکار کر دیا تھا کہ اسے سفر کرنے کی ضرورت کیوں پڑی ہے۔ کورونا وائرس ایکٹ کی خلاف ورزی پر مجسٹریٹس نے اس پر جرمانہ عائد کر دیا تھا۔ پولیس اینڈ کرائون پراسیکیوشن سروس ریویو نے کہا کہ اس کو ایکٹ کے غلط حصے کے تحت چارج کیا گیا۔ کورٹ سے کہا جائے گا کہ وہ اس کی سزا کو کالعدم قرار دے۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے ڈپٹی چیف کانسٹیبل ایڈریان ہین سٹاک نے کہا کہ یہ قابل فہم تشویش ہوگی کہ اس نئی قانون سازی میں ہماری تشریح کے نتیجے میں غیر موثر قانونی کارروائی عمل میں آئی ہے۔ ایسا نہیں ہوناچاہئے تھا۔ یہ ایسے حالات میں تھا جب آفیسرز کسی ایسے شخص کے ساتھ مناسب طریقے سے سلوک کر رہے تھے جو سٹیشن پر مشکوک برتائو کر رہا تھا اور عملہ اس کے بارے میں یقین رکھنا ہے کہ وہ شخص بغیر مصدقہ ٹکٹ کے سفر کرے گا۔ مسٹر ایڈریان ہین سٹاک نے کہا کہ ان کے افسران اس خاتون کے غیر ضروری سفر کو بجا طور پر چیلنج کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطع نظر اس کے ہم مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا اور اس پر ہم معذرت خواہ ہیں۔ برٹش ٹراسپورٹ پولیس (بی ٹی پی) نے کہا کہ اس خاتون پر کورونا وائرس ایکٹ کے شیڈول 21 کے تحت غلط طور پر الزام عائد کیا گیا تھا اور وہ اس معاملے میں کسی بھی متبادل پراسیکیوشن کی پیروی نہیں کرے گی۔ ایڈریان ہین سٹاک نے کہا کہ اس کے بعد سے نئی قانون سازی کی تشریح میں مدد کیلئے فرنٹ لائن آفیسرز کو نیشنل پولیس چیفس کونسل کی تازہ ترین گائیڈنس فراہم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عوام کو یہ یاد دلانا ہوگا کہ آفیسرز لوگوں کے ساتھ مصروف رہیں گے اور ان سے ان کے سفر کی وجوہ جاننے کی کوشش کریں گے۔ جہاں ہم یہ طے کرتے ہیں کہ ان کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں موجود ہونے کا کوئی معقول مقصد نہیں ہے تو ہم عوام کو سمجھائیں گے کہ انہیں یہ سفر کیوں نہیں کرنا چاہئے۔ کورونا وائرس ایکٹ کے شیڈول 21 کے تحت بغیر کسی عذر کے پولیس افسران کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکامی غیرقانونی ہے۔ اس خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ 1000 پونڈ ہے۔
تازہ ترین