اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاق سے صوبے کی مدد کرنے کا مطالبہ کردیا انہوں نے کہا ہے کہ یہ وقت ہے کہ ہم آپس کی لڑائی بھول کر ایک ہو جائیں، جیسے جنگ اور قدرتی آفات میں ہم سب ایک ہو جاتے ہیں،اس وقت ایسے ہی اتحاد کی ضرورت ہے۔ آج ہمیں ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ ایک دوسرے کی مدد کے بغیر کورونا وائرس کا مقابلہ ممکن نہیں ہے ، صوبے وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں اور پرامید ہیں کہ وفاق تمام صوبوں کو برابری کی بنیاد پر ڈیل کرکے ضروریات پوری کرے گا،وفاقی حکومت نے ہر صوبے کی مدد کرنا ہوگی۔ ٹیسٹنگ کٹس ،ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی لباس اوروینٹی لیٹرز فراہم کرنا ہوں گے، ایک دوسرے کی مدد کے بغیر کورونا وائرس کا مقابلہ ممکن نہیں ہے ۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج 4اپریل کو ملک بھر سے لاکھوں جیالے گڑھی خدابخش جمع ہوتے ہیں اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج میں اکیلا دعا کرنے کے لئے گڑھی خدا بخش آیا ہوں۔ میرے اکیلے گڑھی خدابخش میں دعا مانگنے کی وجہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں ان پاکستانیوں کا شکرگزار ہوں جو مشکل وقت میں امداد دے کر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ہم اکیلے یہ کام نہیں کر سکتے ہمیں آپ سب کی مدد کی ضرورت ہے، حکومت کی تجاویز کو مانتے ہوئے عوام اپنے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں، مجھے امید ہے کہ ہم عوام کی مدد سے اس مشکل صورتحال سے نکل جائیں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے آج صبح گڑھی خدا بخش میں اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔