اسلام آباد( جنگ نیوز)پاکستان نے افغان حکومت کی درخواست پر طورخم اور چمن بارڈر کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد چمن بارڈر کو بند کردیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی نے 16مارچ سے ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحد کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اب حکومت نے افغان حکومت کی درخواست پر طورخم اور چمن بارڈر عارضی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق افغانستان حکومت کی درخواست پر پاکستان نے طورخم اور چمن بارڈر 6 سے 9 اپریل تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ پاکستان میں موجود افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کیا گیا ہے، افغان حکومت کی خصوصی درخواست اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بارڈر کھولنے کا فیصلہ کیا۔ترجمان کے مطابق ایک ہمسایہ کی حیثیت سے اور برادرانہ دوطرفہ تعلقات کے پیش نظر پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کرتا ہے۔