• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے، حکومت میڈیا انڈسٹری کو بحران سے بچائے اور اس کے روکے ہوئے واجبات فوری ادا کرے، میڈیا انڈسٹری پر کارکنوں کے نکالے جانے سے ان کے گھر کے حالات بدترین صورت اختیار کرچکے ہیں، اب کسی طور پر کسی کارکن کی اداروں سے بے دخلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام میڈیا کارکنان اداروں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے حکومت کا گھرائو کریں گے اور کراچی سے کشمور تک اکٹھی تحریک چلائی جائے گی۔ جنگ اور جیو کو بچانے اور میرشکیل الرحمن کی رہائی تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ ہفتے کو دی نیوز کے یونین آفس میں جنگ جیو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں طے پایا کہ میڈیا کے خلاف حکومتی کارروائیوں پر سخت مزاحمت کی جائے گی۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ میڈیا انڈسٹری کو بحران سے نکالے اور جنگ، ڈان سمیت تمام اخبارات اور چینلز کے اشتہارات کی مد میں جو بقایا جات ہیں انہیں فوری ادا کرے وگرنہ کراچی سے کشمور تک حکومت کے خلاف تمام میڈیا کارکنان اکٹھے ہوکر بھرپور تحریک چلائیں گے اور اس کا گھیرائو کریں گے۔ اب کسی بھی ادارے سے کارکنوں کی بے دخلی برداشت نہیں کی جائے بلکہ میڈیا کارکنوں کی جانب سے موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے تحریک چلائی جائے گی۔ جنگ اور جیو کو بچانے کیلئے ہر ہر کارکن اپنا کردار ادا کرے گا اور میر شکیل الرحمن کی بے بنیاد کیس میں جب تک رہائی نہیں ہوگی اس وقت تک تمام کارکنان چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تازہ ترین