• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی سفارتخانہ کی طرف سے اسلام آباد پولیس کیلئے 20ہزار ماسک کا تحفہ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں چین کے سفارت خانہ نے اسلام آباد پولیس کو 20ہزار حفاظتی ماسک بطور تحفہ فراہم کر دیئے۔ چینی سفارتخانہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کیخلاف اسلام آباد پولیس فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ آئی جی محمد عامر ذوالفقار خان نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کی مدد سے جلد کورونا جیسی مہلک وبائی مرض کو شکست دیگا۔ ہفتہ کو چین کے سفارتخانہ کی طرف سے اسلام آباد پولیس کیلئے آئی جی محمد عامر ذوالفقار خان کو 20 ہزار حفاظتی ماسک دیئے گئے۔ چینی سفیر نے اسلام آباد پولیس کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس عالمی وباء کیخلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، وفاقی پولیس کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی جی پولیس اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں، تاکہ بہترین طریقے سے وہ اپنے فرائض منصبی ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں کا مورال بلند ہے۔ پولیس شہریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آنے والے وقتوں میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ پولیس کے ان اقدامات کو شہریوں نے بھی سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
تازہ ترین