• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع بھر میں آٹے سمیت کسی بنیادی چیز کی قلت نہیں‘ ڈپٹی کمشنر

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں کورونا وائرس سے بچائو کیلئے لاک ڈائون پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔ عوام کو اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ضلع بھر میں آٹے سمیت کسی بنیادی چیز کی کہیں بھی قلت نہیں۔ وافر مقدار میں موجود آٹا شہر کے 19پوائنٹ پر عوام کو سرکاری ریٹ پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ لوگوں کو ارزاں نرخوں پر باآسانی اشیائے خوردو نوش میسر آ سکیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں صدر مرکزی تنظیم انجمن تاجران پنجاب و راولپنڈی شرجیل میر کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری طاہر تاج بھٹی، صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پرویز بٹ، صدر غلہ منڈی ایسوسی ایشن شیخ آصف اور دیگر شامل تھے۔ شرجیل میر نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں تاجر برادری ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے‘ ہمیں بطور ایک قوم کے متحد ہو کر اس وباء کا مقا بلہ کر نا ہو گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو تاجر برادری کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ تاجر برادر ی ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری کی طرف سے عوام کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے عمل کو سراہا اور کہا کہ اس وبائی مرض کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں عوام کو اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے تاجر برادری کا کردار قابل تعریف ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالا ت میں کسی کو بھی مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی کی ہر گز اجازت نہیں دی جا ئے گی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔
تازہ ترین