• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہورسمیت کئی شہروں میں طوفانی بارش،ژالہ باری،گندم کی فصل کوشدید نقصان

 لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور، شیخوپورہ، خوشاب، پنڈی بھٹیاں اور حافظ آباد سمیت کئی شہروں میں طوفانی بارش ہوئی۔ کئی علاقوں میں ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا، چکوال میں چھت گرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مری اور گلیات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ لکشمی چوک، دھرم پورہ، ایبٹ روڈ، چونگی امرسدھو، گلبرگ، اچھرہ، مزنگ، مال روڈ، گلشن راوی، غالب کالونی اور نیو شالیمار ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی،کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، شیخوپورہ میں شدید آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔چکوال میں بھون روڈ پر سدوال پلازہ کے قریب زیر تعمیر دکان کی چھت گرنے سے 22سالہ نوجوان علی جان عابدی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو ملبے کے نیچے سے نکالا، 2 افراد معمول زخمی ہوئے۔ خوشاب اور جوہر آباد تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے سے وادی سون میں موسم سرد ہو گیا۔بھلوال، پنڈی بھٹیاں اور خانقاہ ڈوگراں میں بھی طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ژالہ باری سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔ حافظ آباد، پھالیہ، وزیر آباد اور سکھیکی میں بھی بادل برسے۔
تازہ ترین