• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کو مشترکہ حکمت عملی سے شکست دینا ہوگی، گورنرسندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین کا اجلاس گورنرہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اجلا س میں پاکستان تحریک انصا ف کے فردوس شمیم نقوی ، خرم شیر زماں ، سعید آفریدی ، محمود مولوی ، اشرف قریشی ،متحدہ قومی موومنٹ کے عامر خان ، فیصل سبزواری ،عبد الوسیم اور ارشد حسین شامل تھے ۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال ، کورونا سے بچاؤ کے اقدامات ، لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے اقدامات ، صوبہ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا وائرس قومی مسئلہ ہے جسے مشترکہ حکمت عملی سے شکست دینا ہوگی اس سے محفوظ رہنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں کو آئسولیشن میں رہنے کے لئے آگاہی فراہم کی جائے کیونکہ سماجی رابطوں سے یہ وباءمزید پھیل سکتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے انتہائی مجبوری میں لاک ڈاؤن جیسا اقدام اٹھایا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کا باہمی تعاون انتہائی ناگزیر ہے اورلاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں تک راشن پہنچاناہماری اولین ترجیح ہے ۔

تازہ ترین