• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ کیخلاف نیب کا رویہ انتقامی کارروائی کے سوا کچھ نہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

کراچی / راولپنڈی / لاہور (اسٹاف رپورٹر / نمائندگان جنگ) صحافی تنظیموں اور جنگ اور جیو کی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے میر شکیل الرحمن کے خلاف مقدمے کی نیب کورٹ میں سماعت کے موقع پر نیب حکام کے رویئے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق نیب کا رویہ یہ ظاہر کرنے کے لیے کافی ہے کہ میر شکیل الرحمن کے خلاف جو کچھ ہورہا ہے وہ انتقامی کارروائی کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ ایک 34 سال پرانے مقدمے میں ویری فکیشن کے اسٹیج پر میر شکیل الرحمن کی گرفتاری نے ہی بہت کچھ واضح کردیا تھا اور اب نیب کورٹ میں جو کچھ کیا جارہا ہے وہ ثابت کررہا ہے کہ عمران خان ایک منتقم مزاج حکمران ہیں جو اپنے مخالفین کو دبانے اور جھکانے کے لیے ریاستی اداروں کو استعمال کررہے ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق میر شکیل الرحمن سمیت جنگ اور جیو کا کوئی بھی صحافی اور کارکن نہ ڈرنے والا ہے نا جھکنے والا یہ مشکل وقت ہے جو اس ملک کی اعلی عدالتوں کے نوٹس لینے سے جلد ٹل جائے گا اور پھر تاریخ دان یہ لکھے گا کہ ایک طرف طاقت کے نشے میں چور چیئرمین نیب اور عمران خان تھے اور دوسری طرف سچ اور حق کی آواز اس ملک کے صحافی جس میں جیت صحافیوں کی ہوئی، ایکشن کمیٹی کے مطابق جیو اور جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری رہے گا منگل کو بھی جنگ اور جیو کے دفاتر میں عملے نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے دفتری امور انجام دیئے۔راولپنڈی میں ڈیلی جنگ اینڈ پریس ورکرز یونین رجسٹرڈ سی بی اے کی مجلس عاملہ کا اجلاس صدر یونین ناصر چشتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری خالد محمود بھٹی کے علاوہ ارکان لئیق شوکت، ظفر اقبال، اسلم بٹ، اطہر نقوی، عبدالرحمٰن اور عمران بٹ نے شرکت کی۔

تازہ ترین