• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ائیرلائن اور پائلٹوں کی تنظیم پالپا کے مابین کئی روز سے جاری تنازع بالآخر طے پا گیا ہے اور پی آئی اے کی جانب سے کورونا سے بچائو کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر اپنانے کی یقین دہانی کے بعد پائلٹوں نے ہڑتال ختم کرتے ہوئے پروازوں کو آپریٹ کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔ کچھ روز قبل پائلٹس کی تنظیم نے کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام پائلٹوں کو اگلے حکم تک جہاز نہ اُڑانے کی ہدایت کی تھی تاہم اب دونوں فریقین میں طے پائے گئے معاہدے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ تمام حفاظتی سامان فراہم کرنے کی پابند ہوگی جبکہ پائلٹس قومی ایئر لائن کی تمام شیڈول اور خصوصی پروازوں کو اُڑانے کے پابند ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس وقت کورونا کی عالمی وبا کے باعث دنیا بھر کے ممالک نے عالمی پروازوں کی معطلی کا اعلان کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی بھی مختلف ملکوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اسی تناظر میں وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازیں جزوی طور پر بحال کرنے اور اندرون ملک پروازوں کو بدستور معطل رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بیرونِ ملک پھنسے شہریوں کی واپسی کیلئے خصوصی پروازوں کی اجازت دی۔ اگرچہ ماضی میں پالپا کی جانب سے اپنے ہر جائز ناجائز مطالبات منوانے کیلئے ہڑتال کو حربے کے طور پر اپنایا جاتا رہا ہے جس سے قومی ائیر لائن کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑا اور مسافروں کو بھی شدید ذہنی کوفت کا سامنا رہا ہے۔ اس بار چونکہ معاملہ انسانی صحت کے تحفظ کا تھا اس لئے کئی حلقوں کی جانب سے پالپا کے کورونا سے بچائو کی بابت تدابیر اپنانے اور قواعد و ضوابط کی پابندی کے مطالبے کی تائید کی گئی۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ موجودہ بحرانی کیفیت کو محسوس کرتے ہوئے دونوں فریقین نے ذمہ دارانہ رویہ اپنایا اور معاملہ کسی مثبت نتیجے پر پہنچا۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں0092300464799

تازہ ترین