کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون میں مبینہ طور پر اہل علاقہ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان دکان بند کروانے پر جھگڑا ہوا جس میں پولیس اہلکار کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز مبینہ طورپر پولیس اہلکاروں پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی ہے، ویڈیو میں ایک پولیس اہلکارزمین پر لیٹا ہوا دیکھا جاسکتا ہے، زمین پرلیٹا ہوا اہلکار درد سے کرہا رہا ہے جبکہ دوسرے اہلکار کے چہرے پر بھی معمولی خراش ہیں۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر زخمی اہلکاروں پر دکاندار اور اہل محلہ نے تشدد کیا، واقعہ سے متعلق ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین جانوری کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
ایس پی بلدیہ شہلا قریشی واقعہ کی تحقیقات کررہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار پر تشدد اگر واقعی ہوا ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
واقعے کے گواہ اہلکاروں اور اہل علاقہ سے بھی تفصیل لی جارہی ہے، ایس پی بلدیہ نے 24 گھنٹے کے اندر واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرینگی۔