• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کو شکست دینے والی بھارتی نژاد برطانوی خاتون کی کہانی

کورونا وائرس کو شکست دینے والی بھارتی نژاد برطانوی خاتون ریا لاکھانی نے اپنی کہانی سُنا دی۔

دُنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بہت سے افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں تو وہیں بہت سے افراد ایسے بھی جو اِس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں اِن ہی شکست دینے والوں میں ایک بھارتی نژاد برطانوی خاتون بھی ہیں جن کا نام ریا لاکھانی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ریا لاکھانی گزشتہ 7 سال سے ایک مرض میں مبتلا تھیں اور ڈاکٹرز نے اُن کو اُس مرض سے نجات حاصل کرنے کے لیے آپریشن کروانے کا مشورہ دیا تھا۔

ریا لاکھانی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ آپریشن کروانے کے لیے اسپتال میں داخل ہوئی تو اُس وقت وہ بالکل ٹھیک تھیں لیکن کچھ دن وہاں داخل ہونے کے بعد اُن میں کورونا کی علامت ظاہر ہونے لگیں۔

خاتون نے بتایا کہ پہلے اُن کو سانس لینے میں دشواری ہونے لگی اور اُس کے بعد اُن کو تیز بخار ہوگیا تھا جب اُن کو یہ علامات ظاہر ہوئیں تو اُنہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج مثبت آئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اُن کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا تھا جہاں وہ اپنے پیاروں کی ملاقات سے بھی محروم ہوگئی تھیں۔

بھارتی نژاد برطانوی خاتون نے بتایا’میرے لیے وہ وقت میری زندگی کا سب سے مشکل ترین وقت تھا کیونکہ میری حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی تھی اور مجھے ایسا لگتا تھا کہ جیسے میں اب زندہ نہیں بچ سکوں گی اور میں مر جاؤں گی۔‘

ریا لاکھانی نے بتایا کہ ’اب میں پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہوں اِس کے لیے اسپتال کے تمام طبی عملے کی شُکر گزار ہوں۔‘

خاتون نے کہا کہ ’ڈاکٹروں اور نرسوں نے میرا بہت خیال رکھا اور میرا بہت اچھے طریقے سے علاج کیا جس کے لیے میں اُن کی بہت ہی زیادہ شُکر گزار ہوں کہ جنہوں نے میری جان بچائی۔‘

اُنہوں نے بتایا کہ ’میں ابھی بھی گھر میں اپنی فیملی سے فاصلہ برقرار رکھے ہوئے ہوں کیونکہ مجھے ابھی بھی کورونا کا خوف ہے لیکن مجھے اِس بات سے بھی راحت ملتی ہے کہ میں کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ہوں۔‘

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 88 ہزار 502 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ 15 لاکھ 18 ہزار 773 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

تازہ ترین